(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ویسٹ مڈلینڈز) ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مختلف سنگین جرائم میں مطلوب افراد کی نئی تصاویر اور تفصیلات جاری کرتے ہوئے عوام سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق نئی “موسٹ وانٹڈ” فہرست میں شامل کئی افراد تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں جبکہ ان کی تلاش کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے کہا ہے کہ عوام کی مدد سے مطلوب ملزمان کی جلد گرفتاری ممکن بنائی جا سکتی ہے، اسی لیے ان کی تصاویر اور معلومات جاری کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مطلوب افراد میں کووینٹری سے تعلق رکھنے والا 34 سالہ مورٹن بھی شامل ہے جو جیل سے رہائی کی شرائط کی خلاف ورزی کے بعد دوبارہ مطلوب قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص مورٹن کو دیکھے تو فوری طور پر 999 پر کال کرے۔
اسی طرح 47 سالہ بولٹن بھی پولیس کو ایک سنگین حملے کے شبے میں مطلوب ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے برمنگھم اور والسال سے روابط ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس بولٹن سے متعلق معلومات ہوں تو فوری رابطہ کیا جائے جبکہ خفیہ اطلاع کرائم اسٹاپرز کے ذریعے بھی دی جا سکتی ہے۔
فہرست میں شامل ایک اور 47 سالہ شخص اوون کو کووینٹری میں دکان سے چوری اور حملے کے الزامات میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔
ادھر بلوکزوچ سے تعلق رکھنے والے پینٹن کو مبینہ طور پر اسٹاکنگ پروٹیکشن آرڈر کی خلاف ورزی پر تلاش کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈارلسٹن سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ بیلس بھی ضمانت کی شرائط توڑنے کے الزام میں مطلوب ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ مطلوب افراد کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
