(تکبیر نیوز—- برطانیہ، اسٹافورڈ) برطانیہ کے شہر اسٹافورڈ میں ایک 60 سالہ شخص پر چاقو حملے کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ متاثرہ شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسٹافورڈ شائر پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات تقریباً 7 بجے نیوپورٹ روڈ کے قریب پیش آیا جہاں تشدد کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص اسٹافورڈ کیسل گالف کورس کے عوامی راستے پر پیدل جا رہا تھا جب ایک نامعلوم شخص نے اس پر حملہ کر دیا۔
حکام کے مطابق بعد میں ایک شہری نے شدید زخمی شخص کو قریبی بینچ پر دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
متاثرہ شخص کو تشویشناک مگر مستحکم حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے جس میں ڈرونز، پولیس ہیلی کاپٹر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کی عمر تقریباً 25 سے 30 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے، جسمانی ساخت اوسط جبکہ لباس گہرے رنگ کا تھا۔
اسٹافورڈ بورو پولیس ٹیم کے کمانڈر چیف انسپکٹر ثاقب بٹ نے کہا کہ “یہ واقعہ مقامی کمیونٹی کیلئے شدید تشویش کا باعث ہے اور ہم ملزم کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔”
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی نے حملے سے پہلے یا بعد میں کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو فوری پولیس سے رابطہ کرے۔
چیف انسپکٹر ثاقب بٹ نے بتایا کہ پولیس علاقے میں گھر گھر جا کر تحقیقات کر رہی ہے جبکہ عوام کے اعتماد کیلئے اضافی گشت بھی جاری رکھا جائے گا۔
