امریکی پابندیوں سے تنگ ایران وینزویلا کے درمیان 20 سالہ تعاون کے معاہدے

22

امریکی پابندیوں سے تنگ ایران اور وینزویلا نے تیل، معیشت، دفاع، سیاحت اور ثقافت سمیت کئی شعبہ جات میں تعاون کے لیے دو عشروں کے لیے باہمی معاہدے کیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کے دورہ ایران کے دوران تہران میں واقع سعدآباد محل میں ہفتے کے روز اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس منصوبے میں تیل، پیٹرو کیمیکل، دفاع، سیاست، معیشت، سیاحت اور ثقافت کے مختلف شعبہ جات میں تعاون شامل ہے۔

وینزویلا کے صدر مادورو نے ایرانی دارالحکومت تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون میں توانائی اور مالیاتی شعبوں کے ساتھ ساتھ دفاعی منصوبوں پر مل کر کام کرنا بھی شامل ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی  کے بقول یہ پیشرفت مختلف شعبوں میں تعلقات کی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

نیوز کانفرس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا نے مشکل سال گزارے ہیں لیکن عوام، حکام اور ملک کے صدر کا عزم یہ تھا کہ وہ پابندیوں کے خلاف مزاحمت کریں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے  نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے بیس سالہ معاہدے پر دستخط کے علاوہ تہران اور وینزویلا نے سیاسی، ثقافتی، سیاحت، اقتصادی، تیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں تعاون سے متعلق دستاویزات پر بھی دستخط کیے ہیں۔‘‘

یاد رہے، آئندہ ماہ جولائی کی اٹھارہ تاریخ سے کراکس اور تہران کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ مادورو نے کہا کہ وینزویلا ایران سے سیاحوں کی آمد کے لیے کھلا ہے۔ایرانی صدر نے دونوں دارالحکومتوں کے درمیان فلائٹس کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ یہ اقدام تجارتی اور معاشی تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لاسکے گا۔

مزید پڑھیں:  حیدرآباد میں 20 سالہ گھریلو ملازم پُراسرار طور پر جاں بحق، مقدمہ درج

قبل ازیں صدر مادورو نے ایرانی سرکاری ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں تہران حکومت کی جانب سے  کراکس کو ایندھن مہیا کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے وینزویلا کی عوام کی بڑی مدد ہوئی ہے۔ صدر مادورو ترکی اور الجزائر کے دوروں کے بعد اس ہفتے ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔

عالمی امور کے ماہریں کا کہنا ہے کہ روس، چین، کیوبا اور ترکی جیسے ممالک کے ساتھ ساتھ ایران بھی وینزویلا کے اہم اتحادیوں میں سے ایک ہے۔

 

 

 وینزویلا کے سوشلسٹ لیڈر ہیوگو چاویز  کے دور میں تیل پیدا کرنے والے  اِن دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کافی مضبوط رہے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.