امریکا نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ 19 ٹیسٹ کی شرط کو ختم کردیا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی وبا کے پیش نظر امریکا نے بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں بشمول امریکی شہریوں کو بھی پرواز پر سوار ہونے سے ایک دن قبل کووڈ ٹیسٹ کرانا ہوتا تھا اور نیگیٹو ٹیسٹ پر ہی انہیں سفر کی اجازت ہوتی تھی۔
لیکن اب کووڈ ٹیسٹ کی پابندی کو 12 جون سے ختم کیا جارہا ہے، فضائی کمپنیوں کی جانب سے کافی عرصے سے امریکی حکام سے یہ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
US will end Covid-19 testing requirement for air travelers entering the country
@CDCgov will evaluate its need based on the science and in context of circulating variants
@POTUS work on effective vaccines and treatments critical to this https://t.co/cpdlNfRHbt
— Kevin Munoz (@KMunoz46) June 10, 2022
اب ان کمپنیوں نے امریکی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ حکام کے مطابق سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کی جانب سے 3 ماہ تک اس فیصلے کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کورونا وائرس کی ایک نئی اور زیادہ متعدی قسم سامنے آئی تو کووڈ ٹیسٹ کرانے کی پابندی دوبارہ سے لگائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ مسافروں کے کووڈ ٹیسٹ کی پابندی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 2021 کے شروع میں عائد کی تھی، جسے بعد ازاں جو بائیڈن انتظامیہ نے سخت کردیا تھا۔
اس کے علاوہ جاپان نے بھی سیاحوں کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت دے دی ہے، عالمی وباء کورونا کے بعد دو سال میں پہلا موقع ہے جب سیاح جاپان میں داخل ہو سکیں گے۔
جاپان نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد سمندر پار سے سیاحوں کو قبول کرنے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے انسداد کورونا وائرس سے متعلقہ اپنی سرحدی پابندیاں نرم کر دی ہیں۔