آبدوز خریداری تنازع، آسٹریلیا معاہدہ منسوخ کرنے پر فرانس کو 584 ملین ڈالر دے گا

22

آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ ڈیزل آبدوزوں کی خریداری کا تاریخی معاہدہ ختم کرنے پر بڑے معاوضے کے ایک معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

منسوخ شدہ معاہدے کی وجہ سے آسٹریلیا اور فرانس کے درمیان تعلقات گزشتہ ایک سال سے کشیدہ تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گزشتہ ماہ برف پگھلی جب انتھونی البانی نے آسٹریلیا کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی نے کہا کہ فرانسیسی فرم نے کئی ارب ڈالر کے معاہدے کو ختم کرنے کے لیے 555 ملین یورو (584 ملین امریکی ڈالر) کے مساوی تصفیے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 2021ء میں اس وقت کے آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے فرانس کے ساتھ برسوں پرانے آبدوزوں کے معاہدے کو اچانک ختم کرکے امریکا یا برطانیہ سے جوہری آبدوزیں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔

2016ء میں طے پانے والے 50 ارب آسٹریلوی ڈالر مالیت کے معاہدے کی منسوخی پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون شدید برہم ہوئے اور انہوں نے آسٹریلوی وزیراعظم پر دھوکا دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ فرانس نے امریکا اور آسٹریلیا سے اپنے سفیروں کو بھی فوری طور پر واپس بلا لیا تھا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اوشن کلاس آبدوز کے معاہدے پر فرانس اور آسٹریلیا 2016ء سے کام کر رہے تھے اور معاہدے کی منسوخی اتحادیوں اور شراکت داروں کے مابین ناقابل قبول رویہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس امریکی صدر جو بائیڈن نے آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ کے نئے دفاعی اتحاد کا اعلان کیا تھا جس کے تحت امریکی ایٹمی آبدوز ٹیکنالوجی آسٹریلیا کو منتقل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) اور زیر سمندر سائبر دفاعی نظام بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس نئے دفاعی معاہدے کو چین کے پھیلتے اثر و رسوخ کے توڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  صحت مند افراد خوشیاں بانٹنے کیلیے خون کے عطیات دیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.