(تکبیر نیوز—- برطانیہ، اسٹافورڈشائر) برطانیہ کے علاقے برنٹ وُڈ میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص اپنے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود کتے پر بھی چاقو کے وار کیے گئے، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو صبح تقریباً 9 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ علاقے میں دو افراد کے درمیان لڑائی ہو رہی ہے، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم جب اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہیں ایک شخص شدید زخمی حالت میں ملا۔
ریسکیو ٹیموں اور ایئر ایمبولینس نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا اور صبح 10 بجے کے قریب اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق گھر کے اندر ایک کتا بھی ملا جس پر چاقو کے وار کے نشانات تھے، جسے فوری طور پر ویٹرنری ڈاکٹر کے پاس علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے گھر کے اردگرد کا علاقہ گھیرے میں لے لیا اور قتل کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں تاکہ واقعے کی مکمل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دو مردوں اور ایک خاتون کو قتل کے شبہ میں گرفتار کر لیا ہے، جن کی عمریں 30 سے 37 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ایک سنگین نوعیت کا واقعہ ہے اور تفتیش جاری ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی، جبکہ ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
