(تکبیر نیوز—- برطانیہ، بیڈفورڈشائر) برطانیہ کے علاقے بیڈفورڈشائر میں پولیس نے بینک ہالیڈے ویک اینڈ کے دوران مختلف علاقوں میں بھرپور کمیونٹی اور سیکیورٹی سرگرمیاں جاری رکھیں، جہاں شہریوں سے رابطہ بڑھانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔
پولیس کے مطابق کمیونٹی کوہیشن ٹیم نے مختلف تقریبات میں شرکت کی، جن میں گرین فیلڈ اور پلوکس ہل اکیڈمی کے میلے میں شرکت بھی شامل تھی۔ اس موقع پر پولیس کمیونٹی سپورٹ آفیسر ڈین میک ہیو نے بچوں اور والدین سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی اور پولیس کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔
بینک ہالیڈے کے دوران سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر لیوٹن ایئرپورٹ پولیس یونٹ نے بھی نمایاں گشت کیا۔ اس دوران پولیس کے تربیت یافتہ کتوں نے بھی سیکیورٹی ڈیوٹی میں حصہ لیا اور علاقے کی نگرانی جاری رکھی۔
اسی دوران وکسہمز کے علاقے میں گیس لیک کے شبہ پر بھی پولیس اور دیگر اداروں نے فوری کارروائی کی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ موقع پر موجود اہلکاروں کو مقامی شہریوں کی جانب سے بھرپور تعاون ملا، جنہوں نے انہیں چائے اور کافی پیش کی۔ ایک کم عمر بچی کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دیا گیا پیغام بھی پولیس کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوا۔
دوسری جانب بیڈفورڈ کمیونٹی پولیسنگ ٹیم نے ویسٹ بورن پارک میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور اہم معلومات اکٹھی کی گئیں۔ اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے سارجنٹ نے بھی پہلی بار مقامی افراد سے ملاقات کی۔
پولیس نے پارک اور گرین ایریاز کو محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت ہتھیاروں کی تلاش کے لیے خصوصی سرچ بھی کی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
پولیس حکام نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تعاون امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
