(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، مظفرآباد) وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر مظفرآباد کی مؤثر مداخلت کے بعد ایک ریٹائر فوجی کی طویل عرصے سے بند پنشن بحال کر دی گئی، جبکہ لاکھوں روپے کے بقایا جات بھی ادا کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق حوالدار ریٹائر الف خان، جو ہمروتہ کروٹیاں تحصیل پلندری ضلع سدھنوتی کے رہائشی ہیں، نے وفاقی محتسب کے پاس شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی پنشن گزشتہ اٹھارہ ماہ سے بند ہے۔
شکایت گزار کا کہنا تھا کہ وہ سن 1974 میں فوج سے ریٹائر ہوئے اور اس کے بعد باقاعدگی سے پنشن حاصل کرتے رہے، تاہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کی پنشن بند ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ایک عمر رسیدہ اور غریب شہری ہیں اور ان کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ لاہور میں کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹس کے دفتر جا کر اپنی پنشن بحال کرا سکیں۔
اس صورتحال پر وفاقی محتسب کے ریجنل آفس مظفرآباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایڈوائزر سردار جاوید ایوب کی ہدایت پر کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹس آفس لاہور کو نوٹس جاری کیا۔
نوٹس جاری ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف پنشن بحال کی بلکہ بقایا جات کی مد میں آٹھ لاکھ پچپن ہزار تین سو روپے کی ادائیگی بھی کر دی۔
کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹس آفس کی جانب سے اس ادائیگی کی باقاعدہ رسید بھی وفاقی محتسب کے دفتر میں جمع کروائی گئی ہے، جس میں رقم کی مکمل تفصیل شامل ہے۔
یہ اقدام وفاقی محتسب کی مؤثر کارکردگی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ایک مستحق شہری کو اس کا حق بروقت فراہم کیا گیا۔
