(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، میرپور) میرپور میں صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی سہولیات میں نمایاں بہتری لانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے ایمرجنسی سروسز کے لیے 20 ملین روپے فراہم کرنے کا اعلان ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں ایمرجنسی سہولیات کو بہتر بناتے ہوئے بیڈز کی تعداد 12 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے، جس سے مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن ہو سکے گا۔
ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے مزید کہا کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مکمل ہسپتال کا درجہ دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملہ جلد کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا بجٹ 60 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، جس سے ادارے کی کارکردگی اور طبی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کیتھ لیب کو فعال بنانے کے لیے جدید بائی پاس اور اسٹنٹ کی سہولیات فراہم کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ دل کے مریضوں کو مقامی سطح پر بہترین علاج میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے چار دیواری کی تعمیر بھی شروع کی جا رہی ہے تاکہ مریضوں اور عملے کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ایم ایس ہسپتال نے ریفرل سسٹم میں شفافیت لانے کے لیے ایک نیا فارم متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا، جس کے ذریعے یہ واضح کیا جا سکے گا کہ مریض کو ریفر کرنے میں کسی ڈاکٹر کی کوتاہی ہے یا انتظامی سطح پر کوئی مسئلہ موجود ہے۔
انہوں نے حکومت کے دیگر وزراء یاسر سلطان، چوہدری ارشد اور قاسم مجید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی کے باعث ہسپتال میں بہتری کے اقدامات ممکن ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے واضح کیا کہ ہسپتال میں کسی قسم کی غفلت یا سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مریضوں کی جان و صحت ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ کسی قسم کے دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور ادارے کے مفاد میں فیصلے جاری رکھیں گے۔
