(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، میرپور) میرپور کے علاقے اسلام گڑھ میں پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں اوورسیز شہری کے ہتھیائے گئے لاکھوں روپے واپس دلوا دیے گئے، جس سے متاثرہ شہری کو بڑا ریلیف ملا۔
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی ہدایات کی روشنی میں تھانہ پولیس اسلام گڑھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک اوورسیز شہری سے ہتھیائی گئی رقم برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ عمیر رشید نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیر جاوید کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین سال پرانے لین دین کے تنازعہ کو نہایت مختصر وقت میں حل کیا۔
پولیس ٹیم نے صرف تین دن کے اندر متاثرہ شہری کے 13 لاکھ روپے ریکور کر کے اس کے حوالے کر دیے، جس پر شہری نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے معاملات میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
متاثرہ اوورسیز شہری نے بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست پالیسی پر ایس ایس پی میرپور اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔
