(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، میرپور) میرپور میں منشیات کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پراسیکوشن برانچ کی مؤثر کارکردگی کے نتیجے میں منشیات کے مقدمے میں ملوث ملزم کو عدالت نے سزا سنا دی۔
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی مؤثر کمانڈ اور پراسیکوشن ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ملزم دلاور ولد محمد اسلم ساکن بھڑکے ضلع میرپور کے خلاف جرم ثابت ہو گیا۔
عدالت نے شواہد اور دلائل کی بنیاد پر ملزم کو 2 سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کامیابی مربوط تفتیش اور مضبوط پراسیکیوشن کے باعث ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی گئی۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ منشیات ایک ناسور ہے جو معاشرے کو تباہ کر رہا ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے میرپور پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔
