(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لنکاشائر) برطانیہ کے علاقے ہاسلنگڈن میں پیش آنے والے خوفناک حادثے نے علاقے میں کہرام مچا دیا، جہاں ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر رہائشی مکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً 11 بج کر 49 منٹ پر ہیلمشور روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی جنوبی سمت میں جا رہی تھی اور اچانک قابو کھو بیٹھی۔
پولیس کے مطابق گاڑی سڑک سے پھسل کر ایک گھر کی دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ ڈرائیور، جس کی عمر 20 سال کے قریب بتائی گئی ہے، کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
حادثے میں گاڑی میں سوار دو 18 سالہ لڑکیاں بھی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حادثے کے بعد ہاسلنگڈن اور ہیلمشور کے درمیان سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں اور تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔
پولیس کے ایک افسر نے کہا کہ یہ ایک نہایت افسوسناک حادثہ ہے جس کے نتائج انتہائی سنگین ہیں، اور ان کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ اور زخمی لڑکیوں کے ساتھ ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے حادثہ دیکھا ہو یا اس کے پاس ڈیش کیم، سی سی ٹی وی یا ڈور بیل کیمرے کی فوٹیج موجود ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
