(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، میرپور) میرپور میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورے کے موقع پر مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نیو سٹی سیکٹر اے میرپور میں کوآرڈینیٹر برائے وزیراعظم چوہدری ارشد محمود کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری یاسر سلطان، امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے جموں 6 چوہدری فخر الزمان گلپہڑا اور پولیٹیکل ڈائریکٹر جنرل مرزا عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔
تقریب میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں کو خیر باد کہتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد پیپلز پارٹی کی مضبوط عوامی بنیاد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہو کر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
