(تکبیر نیوز—- اسپین، بارسلونا) یورپ کے شہر بارسلونا میں دن دہاڑے ہولناک واردات، نامعلوم حملہ آور نے خاتون کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ بارسلونا کے مضافاتی علاقے Esplugues de Llobregat میں پیش آیا جو Camp Nou کے قریب واقع ہے۔ حملہ صبح تقریباً 11 بجے ایک رہائشی علاقے میں ہوا جہاں خاتون کو گلے، سینے اور پیٹ پر متعدد وار کر کے شدید زخمی کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر ایک بے ترتیب (رینڈم) حملہ تھا اور ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور اور مقتولہ کے درمیان کسی ذاتی تعلق کے شواہد نہیں ملے۔
واقعے کے دوران ایک 50 سالہ شخص نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ بھی زخمی ہو گیا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
Mossos d’Esquadra نے بتایا کہ ملزم کو واقعے کے کچھ ہی دیر بعد لیس کورٹس کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جینز اور ہوڈی پہنے ہوئے تھا اور اس کے پاس ایک بڑا بیگ بھی تھا۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے جبکہ لاش کو عوام کی نظروں سے چھپانے کے لیے خصوصی خیمہ نصب کیا گیا۔ دہشت گردی کے پہلو کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دو روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
