اٹلی کے شہر لوکا میں 7 مسافروں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے، مسافروں میں 4 ترکی شہری بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے شہر لوکا میں ایک نجی کمپنی کے ہیلی کاپٹر نے 4 ترک شہریوں سمیت 7 مسافروں کو لیکر پرواز بھری تھی تاہم ہیلی کاپٹر منزل مقصود تک نہیں پہنچ سکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو ڈھونڈنے کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز گذشتہ روز کیا گیا تھا لیکن اندھیرا چھا جانے کے بعد آپریشن کو روک دیا گیا ہے جس کے بعد آج صبح پھر سے آغاز کردیا گیا ہے لیکن تاحال ہیلی کاپٹر کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کی ملکیت ہے جو کیڑے مار دوائیاں تیار کرتی ہے جبکہ یہ ہیلی کاپٹر صارفین کو فیکٹری کا دورہ کرانے اور پروڈکٹس کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
کیڑے مار دوائیاں بنانے والے فیکٹری کے ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر ممکنہ طور پر گر کر تباہ نہیں ہوا ہے کیونکہ اس نے ایمر جنسی سگنل نہیں بھیجا تھا۔
جہاز میں موجود ترک شہریوں کی ترک کمپنی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ان کے 4 ملازم پیپر ٹشو ٹیکنالوجی فیئر میں شرکت کے لیے اٹلی میں موجود تھے۔
ترک کمپنی نے کہا کہ ہم اپنے چاروں ساتھیوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں جوکہ ٹشو پیپر فیکٹری کا دورہ کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر میں موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ہیلی کاپٹر موڈینا کے قریب کہیں ریڈار سے غائب ہوا ہے، اطالوی حکام کی جانب سے تلاش جاری ہے جبکہ ترکی اور اٹلی میں ہمارا عملہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔