امریکا اور جنوبی کوریا نے جاپان کے قریب سمندر میں بیلسٹک میزائلوں کی مدد سے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان دونوں اتحادی ممالک نے یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے اتوار کے روز کیے گئے بیلسٹک میزائل کے نئے تجربات کے جواب میں اٹھایا ہے۔
جنوبی کوریا کے عسکری حکام کے ایک بیان کے مطابق آج پیر کی صبح امریکا اور اُن کی جانب سے آٹھ میزائل تجرباتی طور پر فائر کیے گئے ہیں جو جاپان کے سمندر میں طے شدہ اہداف پر گرے ہیں۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے بیان کے مطابق یہ کارروائی شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ سائٹس یا وہاں موجود کمانڈ سینٹرز کے خلاف درست حملے کرنے کی صلاحیت اور تیاری کا مظاہرہ تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی فوج شمالی کوریا کی جانب سے تواتر سے کیے جانے والے بیلسٹک میزائل تجربات اور اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے۔ بیان میں شمالی کوریا کے حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خطے میں عسکری تناؤ اور سلامتی کے خدشات کو بڑھاوا نہ دیں۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا نے امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی مشترکا سمندری مشقوں کے جواب میں گزشتہ روز آٹھ بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔ شمالی کوریا کے مشرقی ساحل سے فائر کیے گئے اِن آٹھ شارٹ رینج بیلسٹک ميزائلوں نے سمندر ميں 110 کلومیٹر سے لے کر 600 کلوميٹر تک کے فاصلے طے کيے تھے۔