وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق منگل 7 جون کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرائے بڑھانے کی تجویز مسترد کردی ہے، اس سے قبل مسافر ٹرینوں کیلئے 15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔اپنے بیان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ غریب عوام کی سواری ٹرین کو مہنگائی سے بچائیں گے، ریلوے اپنے وسائل سے پيٹرول کی بڑھتی قيمتوں کا بوجھ برداشت کرے گا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزارت ریلویز کی جانب سے حکومت کو مال گاڑیوں کے کرائے کی مد میں بھی 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔اس سے قبل یہ اطلاعات بھی منظر عام پر آئی تھیں کہ وزارت ریلویز کی جانب حکومت سے آئندہ مالی سال کیلئے 138 ارب روپے کا آپریشنل بجٹ طلب کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ رواں سال کے بجٹ سے 40 ارب روپے زائد ہوگا۔بجٹ تخمینے میں ملازمین سے متعلق اخراجات کیلئے 35 ارب 38 کروڑ 91 لاکھ روپے مانگے گئے تھے، جب کہ آپریشنل اخراجات کیلئے 32 ارب 9 کروڑ 21 لاکھ مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔