مصر کی قدیم جامعہ الازہر نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی سرکاری ترجمان کے گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاستدان مسلمانوں کیخلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔
جامعہ الازہر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بھارتی سیاست دانوں کا رویہ دہشتگردی پر مبنی ہے جو دنیا کو شدید بحرانوں اور جنگ میں جھونک سکتا ہے۔
جامعہ الازہر کا کہنا تھا کہ مہذب دنیا کو سیاسی فائدے کے لیے مذاہب ، اعلیٰ انسانی اقدار کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
جامعہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمراں جماعت کا یہ نقطۂ نظر انتہا پسندی، نفرت اور بغاوت کی واضح دعوت ہے، عالمی برادری عزم و طاقت کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکیوں کے خطرات کا مقابلہ کرے۔
جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمراں جماعت کی ترجمان کا گستاخانہ بیان توہین آمیز اور جہالت کا عکاس ہے، بھارتی سیاستدانوں نے انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لئےاسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا سہارا لیا ہے اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔