پاکستان ٹیم کیریبئنز کے ساتھ سخت گرمی سے بھی نمٹنے کو تیار

لاہور / کراچی(تکبیر نیوز) پاکستان ٹیم کیریبیئنز کے ساتھ گرمی سے بھی نمٹنے کو تیار ہے جب کہ آج ون ڈے سیریز کے میزبان ملتان روانہ ہوگی۔

54

پاکستان کرکٹ ٹیم ملتان کی سخت گرمی میں کیریبیئن طوفان کا ون ڈے سیریز میں سامنا کرے گی، جس کے لیے وہ مکمل طور پر تیار ہے، اتوار کے روز ٹیم کی میزبان شہر روانگی ہوگی جبکہ پیر کو ویسٹ انڈین ٹیم براستہ اسلام آباد ملتان پہنچے گی۔لاہور میں ٹریننگ کیمپ کے دوران ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز اہم ہے۔ہم کسی سیریز کو آسان نہیں لیتے، خواہش ہے کہ کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوں، تمام لڑکے پرجوش اور اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے چین ہیں، موسم گرم ضرور ہے اور ملتان میں اس سے زیادہ ٹمپریچر ہوگا، اس کا احساس کھلاڑیوں کو ہے لیکن بطور پروفیشل کھلاڑی ہر طرح کے موسم اور ماحول میں کھیلنا پڑتا ہے، کھلاڑی محنت کررہے اور پلانز کے مطابق ٹریننگ جاری ہے۔بولرز کے ورک لوڈ کے حوالے سے سوال پر ثقلین مشتاق کا جواب تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بہت گرمی ہے مگر سپورٹ اسٹاف اپنی حکمت عملی بنا رہا ہے، پروفیشنل کھلاڑی ہر صورت حال کے لییے تیار ہوتے ہیں، تمام کھلاڑی یکجا اور جس نے چاہا اس کو آرام دیا گیا، ہر ٹیم کی ایک سپر اسٹرینتھ ہوتی ہے اور اس کے بعد دوسری اور تیسری اسٹرینتھ ہوتی ہے، ہر جگہ کوشش ہوتی ہے کہ کارکردگی میں بہتری آئے اور اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔حسن علی میچ ونر کھلاڑی ہیں اور وہ اپنی کارکردگی سے ثابت کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستانی کرکٹرز ٹریننگ کیمپ میں سینیاریو میچز میں صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف رہے، بیٹنگ سائیڈ نے 9 وکٹ پر 294 کامجموعہ ترتیب دیا، خوشدل شاہ نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 بائونڈریز اور 2 سکسر شامل رہے، عبداللہ شفیق 51 رنز بناکر نمایاں رہے، انھوں نے 7 چوکے اور ایک سکسر جڑا، شاہین شاہ آفریدی نے 5 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بناکرپویلین کی راہ لی، محمد رضوان 33 اور افتخار احمد 32 رنز بناکر نمایاں رہے، حسن علی نے 5 اوورز میں 10 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، شاداب خان اور خوشدل شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید پڑھیں:  اماراتی صدر کا دورہ، فرانس کو خام تیل اور ڈیزل کی فراہمی کی پیشکش
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.