الیکشن دھاندلی شروع ہوگئی، قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کرلے، شیخ رشید
اسلام آباد(تکبیر نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کرلے، الیکشن دھاندلی شروع ہوچکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ فرد جرم اور گرفتاری کے نرغے میں ہوں اور اپنے کیسوں کے خاتمے کے لیے نیب ترامیم ہوں، تو مطلب الیکشن دھاندلی شروع ہوگئی ہے، قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کرلے۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کی 50 دن کی کارکردگی یہ ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے، پٹرول میں 60 روپے، گیس 45 فیصد، بجلی میں 9 روپےاور گھی میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ایک اور بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اور میری ناراضگی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، کارکنان سے کہوں گا ایسی من گھڑت خبروں پر کان نہ دھریں، حکومت عمران خان کو گرفتار کرنے کا سوچے بھی نہیں،عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو لوگ پورے ملک سے نکلیں گے۔