شعیب اختر نے سچن کو باقاعدہ پلاننگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف کرلیا
شعیب اختر نے سچن کو باقاعدہ پلاننگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف کرلیا
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کو باقاعدہ پلاننگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس نے بھارتی میڈٰیا کو انٹرویو دیتے ہوئے 2006 میں ہونے والے کراچی ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کو باقاعدہ پلاننگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2006 میں ہونے والے کراچی ٹیسٹ میں سچن کو زخمی کرنا چاہتا تھا جس کے لیے میں نے اپنے کپتان انضام الحق کو کہا بھی کہ میں سچن کو زخمی کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس ٹیسٹ میں دو مرتبہ سچن کو زخمی کرنے کی کوشش کی تھی لیکن جب سچن کو گیند ہیلمٹ پر ماری تو لگا کہ سچن ٹنڈولکر جان سے گئے۔
اس انٹرویو میں ان کا محمد آصف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فاسٹ بولنگ میں محمد آصف کا معیار وسیم اکرم جتنا تھا لیکن جب انہوں نے خود کو میچ فکسنگ میں پھنسا کر تباہ کیا تو انتہائی دکھ ہوا۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ 2006 میں بھارت کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھارتی کھلاڑی راہول ڈریوڈ کو محمد آصف کو کھیلنے میں شدید مشکلات پیش آرہی تھیں۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ محمد آصف ایک جادوگر بولر تھے، اس معیار کے بولر دنیا میں صرف دو ہی آئے ہیں ایک وسیم اکرم اور دوسرا محمد آصف جبکہ میں خود کو محمد آصف کے سامنے ایک معمولی بولر محسوس کررہا تھا۔