محبت میں دریا بھی پار، بنگلہ دیشی لڑکی شادی کرنے تیر کر بھارت پہنچ گئی

22

کون کہتا ہے کہ محبت کا وجود باقی نہیں رہا ۔۔۔ ؟؟؟ یہ وہ جذبہ ہے جو انسان کو موت کے منہ میں ہاتھ ڈالنے اور دریا پار کرنے پر بھی مجبور کر دیتا ہے۔ جی ہاں ۔۔ کچھ ایسا ہی ہوا ہے بنگلہ دیش کی ایک 22 سالہ لڑکی کرشنا کے ساتھ جو اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنے کے لیے بنگال ٹائیگرز اور خونخوار درندوں سے بھرے جنگل اور پھر دریا کو عبور کرکے بھارت پہنچ گئی۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے میں گزشتہ روز شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق بہادر بنگلہ دیشی لڑکی کرشنا کو اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنے کے لیے سندربن کے خطرناک جنگلات عبور کرکے ایک گھنٹے تیراکی بھی کرنا پڑی۔

کرشنا کی بھارتی لڑکے ابھیک منڈل سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔ چونکہ کرشنا کے پاس پاسپورٹ نہیں تھا اس لیے اُس نے غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرنے کا فیصلہ کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی لڑکی کرشنا کو پہلے سندربن کے جنگلات سے گزرنا پڑا جو کہ بنگال ٹائیگر اور دوسرے خطرناک درندوں کے لیے مشہور انتہائی پُر خطر جنگل ہے جس کے بعد اُس نے ایک گھنٹہ تیر کر دریا کو پار کیا۔

خبر کے مطابق تین دن قبل کرشنا کی ابھیک منڈل سے کولکتہ کے کالی گھاٹ مندر میں شادی ہو گئی تھی تاہم پیر کے روز اُسے غیرقانونی طریقے سے بھارت میں داخل ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں:  سام سنگ کی بٹ کوائن مائننگ چپ تجرباتی مراحل میں داخل

اخبار نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کرشنا منڈل کو ڈھاکا میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.