یوکرین جنگ، اقوام متحدہ کی ہزاروں یوکرینی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

23

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے او ایچ سی ایچ آر نے رواں برس 24 فروری سے شروع ہونے والی روس یوکرین جنگ میں 30 مئی تک 9029 یوکرینی شہریوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اب تک 4113 افراد ہلاک اور 4916 زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے او ایچ سی ایچ آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوکرین جنگ کے متاثرین کے اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں کیونکہ ماریوپول، ایزیوم اور پوپاسنا جیسے علاقوں سے ابھی تک مکمل طور پر معلومات موصول نہیں ہو پائی ہیں۔

بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق اس وقت 50 لاکھ سے بھی زائد یوکرینی بچوں کی زندگیوں کا انحصار انسانی امداد پر ہے۔ یونیسیف نے کہا کہ روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے کم از کم 262 بچے ہلاک ہو چکے ہیں اور سینکڑوں اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔

یونیسیف کے مطابق یوکرین کے اندر تقریباً 30 لاکھ بچوں کو مدد کی ضرورت ہے اور تقریباً 22 لاکھ وہ بچے جو جنگ سے بچنے کے لیے بیرون ممالک پناہ گزین ہوئے ہیں، مکمل طور پر امداد کے محتاج ہیں۔

یونیسیف کی ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے 3 جون کو یوکرین اور روس سمیت دیگر ممالک میں منائے جانے والے یوم اطفال کی تقریبات کے حوالے سے کہا ہے کہ اس تقریب کو منانے کی بجائے ہمیں سنجیدگی سے یہ سوچنا چاہیے کہ 3 جون کو اُس جنگ کے 100 دن مکمل ہو رہے ہوں گے جس نے لاکھوں بچوں کی زندگیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری جنگ بندی، مذاکرات اور امن کے بغیر بچے نقصان اٹھاتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  فرانس سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان اسلام آباد پہنچ گیا

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.