امریکی اعلان، روس کی مشرقی یوکرین میں کارروائیاں تیز، جوہری مشقیں شروع

27

روسی افواج مشرقی یوکرین کے شہر سیویروڈونیسک میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس شہر کو یوکرین کا اہم اسٹریٹجک مقام خیال کیا جاتا ہے۔ روس ڈونباس کے صنعتی علاقے پر قبضے کے مقصد سے اپنی فوجی کارروائیوں کو تیز کر رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت روسی افواج اس اہم یوکرینی شہر کے اندر موجود ہیں جبکہ یوکرین کی افواج گلی کوچوں میں مورچہ بند مزاحمتی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سیویرو ڈونیسک کے میئر کا کہنا ہے کہ جنگ کے باعث شہر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے جبکہ ہزاروں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید راکٹ سسٹم کی فراہمی کے اعلان کے بعد روس نے جوہری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔

روس کی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس نے روسی وزارتِ دفاع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ روس کی جوہری افواج دارالحکومت ماسکو کے شمال مشرقی علاقے ایوانووف میں اپنی مشقیں کر رہی ہیں۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان جوہری مشقوں میں تقریباً ایک ہزار فوجی اور اتنی ہی تعداد میں گاڑیاں شامل ہیں۔

امریکا یوکرین کو ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آر ایس) اس شرط پر فراہم کر رہا ہے کہ وہ اِنہیں روس کے اندر حملہ کرنے کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا ہے کہ یوکرین حکومت نے امریکی حکام کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید پڑھیں:  چھالیہ اور سپاری لے جانے والا پاکستانی شہری ترکی میں گرفتار

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.