بدترین معاشی بحران کاشکار سری لنکا میں حکام نے مفت سائیکل سروسز کا آغاز کیا ہے تاکہ شہریوں کو پیٹرول سے چلنے والے ذرائع نقل و حمل کا استعمال نہ کرنا پڑے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کے مطابق ملک میں موٹر سائیکل اور گاڑی پر سفر کرنے والے افراد کو گیس سٹیشنوں پر پیٹرول کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس تناظر میں سری لنکا پورٹس اتھارٹی کے چیئرمین پرسنتھا جیامنا کا کہنا ہے کہ ہم نے بندرگاہ آنے والوں کی سہولت کے لیے غیر استعمال شدہ ریلوے لائن کے ساتھ ایک سائیکل ٹریک بنایا ہے تاکہ وہ دوسری گاڑیوں کے بجائے سائیکل استعمال کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بندرگاہ کے ذریعے چلنے والی شپنگ لائنز نے اس سروس کو شروع کرنے کے لیے 100 سائیکلیں عطیہ کی ہیں۔
یاد رہے، سری لنکا کا معاشی بحران غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے پیدا ہوا جس کی وجہ سے درآمد کنندگان خوراک، ایندھن اور دیگر اشیا کے حصول کے قابل نہیں رہے۔بے تحاشا مہنگائی، مسلسل بلیک آؤٹ اور اشیائے ضروریہ کے لیے لمبی قطاروں نے جزیرے کے 22 ملین لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔
ادھر حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے فوری مدد طلب کی ہے جبکہ دوسری جانب عوام احتجاجی مظاہروں میں صدر گوٹابایا راجا پاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔