امریکا میں 2 سالہ بچے کی فائرنگ سے باپ ہلاک؛ ماں گرفتار
فلوریڈا (تکبیر نیوز) امریکا میں 2 سالہ بچے نے کھلونا سمجھ کر والد پر پستول چلا دی
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں 2 سالہ بچے نے فرش پر پڑے بستے سے پستول نکال کر کمپیوٹر پر گیم کھیلنے والے والد کی طرف کرکے چلا دی۔ گولی والد کی پیٹھ پر لگی۔26 سالہ باپ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں دوران علاج وہ جانبر نہ ہوسکا۔ بچے کی ماں نے اس وقت پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر کو خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے۔
تاہم پیٹھ پر گولی لگنے کی وجہ سے پولیس کو شک ہوا اور تفتیش کے دوران بڑے بیٹے نے اعتراف کرلیا کہ چھوٹے بھائی نے غلطی سے گولی ماری۔ جس وقت گولی چلی اس وقت ان کا ایک سال کا بھائی بھی قریب ہی موجود تھا۔تفتیش کاروں نے بتایا کہ بچے سے گولی چلنے سے ہلاک ہونے والا نوجوان اور اہلیہ بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پیرول پر تھے۔ اور اس کیس میں بھی پستول کو محفوظ جگہ پر رکھنے میں شدید غفلت کا مظاہرہ کیا۔پولیس نے غفلت برتنے پر ماں کو حراست میں لے لیا۔ والد کی ہلاکت اور ماں کے جیل میں ہونے کے باعث بچوں کو شیلٹر ہاؤس بھیج دیا گیا۔ امریکا میں بچوں سے غلطی سے گولی چلنے کے واقعات نئے نہیں۔