گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے سرچ انجن، الگورتھم اور کی ورڈ میں بنیادی تبدیلیاں کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈجیٹل کانٹینٹ مینیجرز اور ایس ای او کے ماہرین اگلے کئی ہفتوں تک اپنی ویب سائٹ کی رینکنگ اور دیگر امور پر گہری نظر رکھیں گے۔
گوگل نے باضابطہ طور پر کور سرچ کے تحت نئے الگورتھم اور پروٹوکولز متعارف کرائے ہیں۔ اس کے تحت مشہور ویب سائٹ کی رینکنگ پر فرق بھی پڑسکتا ہے۔ پچیس مئی کو گوگل سرچ بلاگ پر کہا گیا ہے کہ ہم سال میں کئی مرتبہ گوگل سرچ کور کا اعلان کرتے ہیں اور اب اس کا اطلاق 26 مئی سے کررہے ہیں۔
Today, we’re releasing a broad core update, as we do several times per year. This update is called the May 2022 core update. Learn more:
— Google Search Central (@googlesearchc) May 25, 2022
گوگل نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں دی ہیں لیکن جب جب گوگل کے نظام پر نقب لگانے یا اس کےسرچ انجن پر اثرانداز ہونے کی بیرونی کوششیں کی جاتی ہیں تو گوگل اپنے پروٹوکول تبدیل کرتا رہتا ہے۔ بس گوگل نے اپنی پوسٹ پر کہا ہے کہ سال میں کئی مرتبہ ہم اپنے رینکنگ کے عمل کو بہتر بناتے ہیں۔ اس عمل کو کور اپڈیٹس کہا جاتا ہے۔ یہ تبدیلیاں ویب کی بدلتی صورتحال کے تحت کی جاتی ہیں۔ تاہم ویب سائٹ کے مالکان اس فرق کو واضح طور پر محسوس کرسکیں گے۔
گوگل نے کہا ہے کہ کور اپ ڈیٹس میں مخصوص صفحات اور ویب سائٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ گوگل نے کہا ہے کہ مئی کے آخری ہفتوں کے بعد اگلے کئی ہفتوں تک اس کے واضح اثرات محسوس ہوں گے۔