کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں کمی کر دی شارٹ فال 500 میگاواٹ کردیا۔
کے الیکٹرک زرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک محض 600 میگاواٹ بجلی تیار کررہا ہے، این ٹی ڈی سی اور مختلف آئی پی پیز سے 2000 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔
ترجمان واٹر بورڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی تقسیم کا آپریشن بھی متاثر ہو رہا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی بندش کے باعث کے الیکٹرک کی ایندھن خریدنے اور بجلی بنانے کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لوڈ شیڈنگ سے مثتنی علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ رات گئے ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے تحت 12 سے 14گھنٹوں تک بجلی بند کی جارہی ہے۔
شہر میں ریونیو جوڈیشل سوسائٹی، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک سیون، لیاری، کیماڑی اور ماڈل کالونی شیٹ سیون میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے اور شہریوں کا کہنا ہےکہ دن بھر میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے بعد رات گئے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر بھی صارفین کو معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔